ہلیال،24؍جون (ایس او نیوز) ہلیال، ڈانڈیلی اور جوئیڈاتعلقہ جات پر مشتمل اے پی ایم سی مارکیٹ کے لئے صدر اور نائب صدر کا انتخاب تیسرے اور آخری مرحلے میں ہے اور یہ انتخاب آج 24جون کو منعقد ہونا ہے۔ مگر اس دوران کل پولیس میں شکایت درج کی گئی ہے کہ بی جے پی حمایت اور کانگریس کانگریسی حمایت رکھنے والے 2اراکین لاپتہ ہوگئے ہیں اور شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ انہیں اغواء کیا گیا ہے۔
جن اراکین کے اغوا کیے جانے کی شکایت پولیس میں درج کروائی گئی ہے ان میں سے ایک کی شناخت بی جے پی حمایت یافتہ رکن کرشنا مورتی رام چندرا پاٹل کے طورپر کی گئی اور اس کے والد نے شک ظاہر کیا ہے کہ اس میں بابو پاگوجی کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔دوسری طرف کانگریس کے حمایت یافتہ رکن وسنت سگون ہریجن کی بیوی نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے کہ اس کے شوہرکو اغوا کرلیا گیا ہے۔اوراس ضمن میں کانگریس سے تعلق رکھنے والے ایم ایل سی گھوٹنیکر اور سابق ایم ایل اے سنیل ہیگڈے کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ان دونوں کی طرف سے لگائے جارہے الزامات کی ویڈیو کلپس بھی سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔جبکہ جانکاروں کا کہنا ہے کہ ان اراکین کو خفیہ مقام پر چھپاکر رکھا گیا ہے۔